مود ی کے اقدامات نے خطے میں عدم استحکام پیدا کردیا، سعید مغل

August 18, 2019

برمنگھم(ابرار مغل)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے مذموم مقاصد اور مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی ہے۔ آرٹیکل 370اور 35A کے خاتمے سے جنوبی ایشیا میں عدم استحکام اور بے چینی کی نئی لہر پیدا ہوچکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کسی بھی صورت مودی کے اس ظالمانہ اقدام کو تسلیم نہیں کریں گے، طاقت کے استعمال سے کشمیر جنوبی ایشیاء کا فلسطین بن جائے گا، بھارت کی بڑھتی جارحیت اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف منقسم کشمیریوں کو متحد ہوکر اپنی آزادی کی جنگ لڑنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار محمد سعید مغل ایم بی ای نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے آزاد کشمیر میں پیپلزنیشنل الائنس اتحاد کے قیام کو سراہتے ہوئے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز قانون دان و سابق صدر میرپور بار کو چیئرمین نامزد کرنے سے کشمیریوں کی تحریک کو نئی جہت ملے گی، محمد سعید مغل نے کہا کہ اس وقت کشمیریوں کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزنیشنل الائنس اتحاد کی نہ صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ برطانیہ میں بھی اتحاد کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔