بھارت نے بغیر اطلاع پانی چھوڑ دیا‘ ستلج اور سندھ میں سیلاب کا خدشہ

August 19, 2019

لاہور(جنگ نیوز)بھارت نے دریاؤں میں بغیر اطلاع سیلابی پانی چھوڑ دیا،جس کے نتیجے میں دریائے ستلج اور دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا، سیکڑوں دیہات متاثر ہوں گے‘وزیر اعلیٰ پنجاب نے لوگوں کے انخلاء کی ہدایت کردی ہے، دریائے ستلج میں 1988ء کے بعد یہ ایک بڑا سیلاب ہوگا جس سے ہزاروں ایکڑ زمین، سیکڑوں دیہات متاثر ہوں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں سیلابی پانی چھوڑے جانے کے باعث اس میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہوگیا، خود بھارتی علاقے میں دریائے ستلج کے اطراف 61دیہات خالی کروالئے گئے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کئے جانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔بھارت نے روپر ہیڈورکس سے دولاکھ کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے اور ہر ایک گھنٹے بعد پانی چھوڑا جارہا ہے۔ بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا سلسلہ اتوار کی شام سے شروع ہوا جورات گئے تک جاری رہے گا۔