بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر آئی ٹی ایف ہمیں واک اوور دے،سلیم سیف

August 19, 2019

کراچی (شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر)پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ڈیوس کپ میچز پاکستان میں نہ کھیلنے پر بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے گی۔ ہمیں امید ہے جس طرح ماضی میں پاکستان نہ آنے والی ٹیموں کے خلاف ہمیں واک اوور دیا گیا ہے اس بار بھی فیصلہ ہمارے حق میں ہوگا۔ پاکستان میں ہونے والی ٹائی کا فیصلہ ایک ماہ قبل ہوچکا تھا جبکہ کشمیر کا مسئلہ تو پانچ اگست کو اٹھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی مقابلے اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس کمپلکس میں 14 اور 15 ستمبر کو ہونا تھے جس کی ٹینس کی عالمی تنظیم آئی ٹی ایف نے بھی باضابطہ اسلام آباد کو سیکورٹی کے حوالے سے کلیئر قرار دیتے ہوئے مقابلوں کے انعقاد کی منظوری دی تھی اور بھارت نے بھی کھیلنے پر آمادگی کا اظہار کیا تھا لیکن 5 اگست کے بعد کشمیر کی صورتحال کے بعد بھارت نے آئی ٹی ایف سے پاکستان میں ہونے والی ٹائی نیوٹرل وینیو پر کرانے کو کہا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ آئی ٹی ایف کیا ایکشن لیتا ہے ۔ بھارتی ٹینس نے پاکستان کھلاڑیوں کو بھیجنے کیلئے ویزہ پراسسسبھی مکمل نہیں کیا ہے، ویزہ کیلئے ٹائی سے ایک ماہ قبل کارروائی شروع ہونے تھی اس کا مطلب ہے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔ ہم نے بھی آئی ٹی ایف کو کہا ہے کہ اسلام آباد کا وینیو مقابلوں کیلئے محفوظ ہے اور یہاں ہی مقابلے ہونے چاہئیں۔ البتہ آئی ٹی ایف جو بھی فیصلہ کرے گی ہمیں منظور ہوگا۔ واضح رہے کہ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر پراوین مہاجن نے گزشتہ ہفتے کشمیر کے حوالے سے پاکستان اور بھارت میں کشیدگی اور غیرمتوقع صورتحال کے باعث ہم نے باعث آئی ٹی ایف ڈیوس کپ ٹائی کے میچز غیرجانبدار مقام کا مطالبہ کیا تھا جس کا آئی ٹی ایف نے فیصلہ کرنا ہے۔ امکان ہے کہ آئی ٹی ایف اس ایشو پر ایک دو روز میں اپنا موقف جاری کرے دے گی۔