مقبوضہ کشمیر پر جلد برطانوی پارلیمنٹ میں پٹیشن دیں گے، ہولی لینچ

August 19, 2019

ہیلی فیکس (نمائندہ جنگ) ہیلی فیکس سے ممبر پارلیمنٹ ہولی لینچ نے مقبوضہ جموں کشمیر کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے، جنگ و جیو نیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے370کے اقدام سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انہوں نے برطانوی سیکریٹری خارجہ کو خط لکھا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کا پٹیشن جائزہ لیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حالات کے پیش نظر انہوں نے ایک پٹیشن کا اہتمام کیا ہے جو آئندہ ماہ برطانوی پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ دس دنوں سے جاری کرفیو کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جینے کا حق دیا جائے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حق رائے دہی ملنا چاہیے۔ سابق کونسلر چوہدری محمد الیاس، سابق میئر آف ہیلی فیکس چوہدری ارشد محمود اور استحکام پاکستان کونسل برطانیہ کے صدر نے ہیلی فیکس کی مسلم کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ پٹیشن پر دستخط کرکے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں۔