زابل کے وائس چانسلر کا عہدہ،انٹرویوز22اگست کو ہوں گے

August 19, 2019

کراچی(سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) ملک کی پہلی قانون کی جامعہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء (زابل) کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے انٹرویوز(22)اگست کو طلب کرلئے گئے ہیں 16 امیدواروں نے اس عہدے کے لئے درخواستیں دی تھیں محکمہ یونیورسٹی وبورڈز کے ذرائع کے مطابق ایک امیدواروکو وائس چانسلر بنانے کے لئے حکام پر دبائو ہے تاہم رسمی کارروائی پوری کرنے کے لیے امیدواروں کے انٹرویوکئے جارہے ہیں جن امیدواروں نے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے درخواستیں دی ہیں ان میں زابل کے موجود ہ قائم مقام وائس چانسلر جسٹس(ر) ضیاء پرویزسندھ ہائیکورٹ کے سابق حج حسن فیروز، جسٹس(ر) قمرالدین پروفیسر ڈاکٹررخسار احمد اور دیگر شامل ہیں، زابل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی اسامی 23 اپریل سے خالی ہے وائس چانسلر قاضی خالد دوسری مدت کے لئے مستقل نہ کئے جانے کے باعث دلبرداشتہ ہوگئے تھے اور یہ عہدہ چھوڑ کر بطور چیئرمین فیڈرل سروس ٹریبول کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔ جس کے بعد جسٹس(ر) ضیاء پرویز کو قائمقام وائس چانسلر مقررکردیاگیاتھا۔ ذرائع کے مطابق تلاش کمیٹی کے اراکین کے درمیان امیدواروں کی اسکروٹنی کے معاملے پر بحث ومباحثہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں کچھ امیدواروں کو انٹرویو کے لئے نہیں بلایا گیا، ادھر معلوم ہوا ہے کہ سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین کو عہدے سے ہٹا کر واٹر بورڈ میں بھیجا جارہا تھا تاہم واٹر بورڈ کے حکام نے ان کے نام کی منظوری نہیں دی۔