کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف پنجاب یونیورسٹی اساتذہ کی احتجاجی ریلی

August 20, 2019

لاہور(خبر نگار)پنجاب یونیورسٹی اساتذہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔ وزیر ہائر ایجوکیشن راجا یاسر ہمایوں کی قیادت میں مال روڈ پر نکالی گئی ریلی میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر،مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز، پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور، سیکریٹری جاوید سمیع، شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ راجا یاسر ہمایوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی مقبوضہ کشمیر کی عوام، پاک فوج اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔قبل ازیں پنجاب یونیورسٹی سینیٹ اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف قراردادبھی منظورکی گئی۔ جس میں میں کہا گیا کہ پنجاب یونیورسٹی مقبوضہ کشمیر کی عوام، پاک فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔