سائنسدانوں نے CRISPR ٹیکنالوجی کی مددسے ایک سے زیادہ جینز میں تبدیلی اور ترمیم کا طریقہ دریافت کر لیا

August 20, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا میں مختلف جینیاتی بیماریوں کے علاج کیلئے ماہرین نے جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی یعنی CRISPR سے علاج کا طریقہ دریافت کیا تھا جس کی مدد سے کئی مریضوں کو نئی زندگی مل چکی ہے اور کئی تجربات جاری ہیں لیکن سابقہ تجربات کے دوران ماہرین صرف ایک جین میں تبدیلی کر سکتے تھے۔ لیکن اب، جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ماہرین نے بیک وقت ایک سے زیادہ جینز کی ایڈیٹنگ کا طریقہ تلاش کر لیا ہے۔ سائنس میگزین کے مطابق، ماہرین بیک وقت ایک درجن سے زائد جینز کو تبدیل کرکے کسی بھی مخصوص بیماری کا خاتمہ کرنے کے قابل ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیا طریقہ دریافت ہونے کے بعد کئی نئی ممکنات پیدا ہوگئی ہیں، سائنسدان اب اس بات کے اہل ہو چکے ہیں کہ وہ خلیوں کی بڑے پیمانے پر دوبارہ پروگرامنگ کرکے انہیں مختلف افعال کیلئے تیار کر سکتے ہیں۔