مودی نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی : رمیش کمار

August 24, 2019

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے شملہ معاہدے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

رحیم یار خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ماہ بعد اقوام متحدہ کا اجلاس ہے، اس سے قبل کشمیر کے حوالے سے ہماری جدوجہد تیز ہونی چاہیے۔

رمیش کمار نے یہ بھی کہا کہ ہم کشمیریوں سے یکجہتی کا پروگرام بنا رہے ہیں، کشمیریوں کو فوری انصاف ملنا چاہیے، جس کے لیے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارت کی پابندیاں تیسرے ہفتے بھی جاری ہیں، ان پابندیوں کا آغاز بھارت نے آئین میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بیسیویں روز بھی لاک ڈاؤن ہے، مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، کرفیو اور پابندیوں کے باعث کاروبارِ زندگی معطل ہے۔

قابض فوج روز ظلم کی ایک نئی داستان رقم کرنے لگی ہے، آزادی کے نعروں کو دبانے کے لیے ایک جانب ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تو دوسری جانب قابض بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ اور پیلٹ گنز کا خوفناک استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

سیکڑوں نوجوان پیلٹ گنز کے چَھرّے لگنے سے شدید زخمی ہو گئے لیکن ان کے حوصلے پھر بھی جوان ہیں، کہتے ہیں کہ صحت مند ہوں گے تو دوبارہ احتجاج کریں گے، بھارتی شیلنگ سے ایک کشمیری خاتون بھی شہید ہوگئیں۔

احتجاج روکنے کے لیے اب تک 10 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا جاچکاہے۔

مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کا کام، روزگار سب کچھ ختم ہو چکا ہے، زندگی ختم ہو گئی ہے، اسکول بند ہیں، حالات ٹھیک نہیں ہیں، سب اپنے گھروں میں بند ہیں۔

دوسری جانب لائن آف کنڑول کے پاس آزاد کشمیر کے دیہات بھی بھارتی اشتعال انگیزی سے محفوظ نہیں اور وہاں نظامِ زندگی متاثر ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہمیں پُرامن زندگی بھی گزارنے نہیں دی جا رہی، ہر وقت خطرہ ہے، مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں بسنے والے خاندانوں میں گزشتہ 20 دن سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔