مودی کی بیوقوفی پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی،جمعیت نظریاتی

August 25, 2019

کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سیدعبدالستارشاہ چشتی نے کہاہے کہ مودی سرکار سفارتی زبان نہیں جہادی زبان سمجھتی ہے، اب وقت آچکاہے کہ حکمران وپاک فوج ملک میں نوجوانوں میں جذبہ جہاد د پیداکرنے کیلئے تربیتی سینٹرزقائم کریں۔ اقوام متحدہ اورٹرمپ انتظامیہ مسئلہ کشمیر پر منافقت کررہے ہیں ، ٹرمپ کے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران ثالثی کا اعلان بھی ایک منافقانہ کھیل کاحصہ تھا، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مخلص ہے تومذکرات کی میزپر حل کریں،انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا پر اپنی چوہداراہٹ قائم کرنے کے لیے تنازعات کھڑا کرتا ہے، امریکہ دنیا میں اپنی سپرحیثیت منوانے کے لئے بدامنی کی آگ پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی صرف اپنی جنونی انتہاپسندی اورحماقت کا اظہار کررہا ہے ، پاکستان کے خلاف متعصبانہ رویہ آزمودہ نسخہ سمجھ کر قوم کوبیوقوف بنا رہاہے ان کی بیوقوفی پاکستان کاکچھ بگاڑ نہیں سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنا دفاع اچھے طریقے سے کرنا جانتی ہے۔