کراچی: فیڈرل بی ایریا میں جدید میڈیکل سینٹر کا افتتاح

August 25, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں جدید میڈیکل سینٹر کا افتتاح

کراچی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم ہونے والے عہد میڈیکل سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں عہد میڈیکل سینٹر کا افتتاح ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن مینا ریجن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط، معروف ماہر امراضِ قلب پروفیسر فواد فاروق، ڈاکٹر اشعر فواد، سید جمشید احمد، ابراہیم قاسم، معروف کامیڈین ایاز خان، ایکٹر و ہدایت کار انور اقبال، سید یاسر ہاشمی اور ڈاکٹر حوریہ چوہدری نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سعید قریشی کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت 3 سے 4 ہزار ایسے کمیونٹی میڈیسن سینٹرز کی ضرورت ہے جہاں پر علاج معالجے اور لیبارٹری سمیت فارمیسی کی سہولتیں ایک ہی جگہ پر میسر ہوں تاکہ مریضوں کو بڑے اسپتالوں میں نہ جانا پڑے اور جس کے نتیجے میں معذوری اور اموات سے بچا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاؤ یونیورسٹی نے اپنی مدد آپ کے تحت ایسے 2 سینٹرز قائم کئے ہیں لیکن ان میں سہولتوں کا معیار عہد میڈیکل سینٹر جیسا نہیں ہے، امید ہے کہ ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ایسے مزید کمیونٹی میڈیسن سینٹر قائم کیے جائیں گے جہاں پر لوگوں کو ان کے گھروں کے نزدیک معیاری طبی سہولتیں میسر ہوں گی۔

معروف ماہر امراض ذیابیطس اور انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن مینا ریجن کے صدر پروفیسر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ 23 سال سے ایسے میڈیکل سینٹر کے قیام کا خواب دیکھ رہا تھا جہاں پر مریض سال میں صرف ایک دفعہ آئیں اور باقی پورا سال گھر بیٹھے ٹیلی میڈیسن اور فون کے ذریعے طبی ماہرین سے رابطے میں رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عہد میڈیکل سینٹر میں موجود جدید طبی سہولتیں عالمی سطح کی ہوں گی اور مریض ناصرف ملکی بلکہ بین الاقوامی ڈاکٹروں سے بھی جدیدترین مواصلاتی سہولتوں کے ذریعے اپنے علاج معالجے کے سلسلے میں مشورے حاصل کر سکیں گے۔

پروفیسر عبد الباسط نے مزید کہا کہ ایسے کمیونٹی میڈیکل سینٹرز کے قیام کے بعد قومی ادارہ برائے امراض قلب، ایس آئی یو ٹی اور آنکھوں کے اسپتالوں پر انحصار کم ہوگا، قابلِ علاج اور قابلِ بچاؤ بیماریوں کے نتیجے میں ہونے والی اموات، معذوری اور اندھے پن محفوظ رہا جا سکے گا۔

عہد میڈیکل سینٹر کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سید جمشید احمد کا کہنا تھا تھا کہ اگلے ایک سال میں کراچی میں ایسے مزید 10 سینٹرز قائم کیے جائیں گے جہاں پر ایک چھت تلے 4 طبی سہولتیں ماہرین سے مشورہ کلینک، لیبارٹری، فارمیسی اور ٹیلی میڈیسن میسر ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے 3 سے 5 سال میں ملک بھر میں عہد میڈیکل سینٹر کی سو سے زیادہ شاخیں قائم کر دی جائیں گی۔

معروف فارماسسٹ اور عہد میڈیکل سینٹر کے جی ایم آپریشنز سید یاسر ہاشمی نے بتایا کہ عہد میڈیکل سینٹر کے ذریعے مریضوں کو نہ صرف گھر بیٹھے علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی بلکہ دوائیاں بھی گھروں میں فراہم کی جاسکیں گی۔

ٹیلی میڈیسن کی ایکسپرٹ ڈاکٹر حوریہ چوہدری کا کہنا تھا کہ اب کراچی میں بیٹھے مریض امریکا، برطانیہ اور ترکی سمیت دنیا کے معروف ترین معالجین سے ٹیلی میڈیسن کے ذریعے اپنے علاج معالجے کے لیے مشورہ لے سکیں گے۔