سوکا ورلڈ کپ فٹ بال: کوئٹہ میں اوپن ٹرائلز مکمل

August 26, 2019

یونان میں ہونے والے سوکا ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت کے لیے قومی کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے۔ جی او آر گراؤنڈ اور رائل اسپورٹس سٹی گراؤنڈ کوئٹہ میں ہونے والے ٹرائلز میں 500 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

عیسیٰ خان، کلیم ﷲ، گوہر زمان، سعد ﷲ اور ریجنل منیجر سردارمحمد نے ٹرائلز کے موقع پر تجربہ کار اور یوئیفا اے لائسنس کوچ کیون ریویز کی مدد کی۔

پاکستان سوکا ٹیم کو مضبوط بنانے کے لیے اب آخری مرحلے میں کراچی میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے مزید کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

کوئٹہ میں دو گراؤنڈز جی آر او فٹبال گراؤنڈ اور رائل اسپورٹس سٹی گراؤنڈ (ہزارہ ٹاؤن) پر ریجنل منیجر محمد سردار نے اہتمام کیا تھا، جہاں برطانوی کوچ کیون ریویز کی معاونت کے لیے پاکستان کے سپر اسٹارز لیجنڈری فٹبالرز کلیم ﷲ، عیسیٰ خان، گوہر زمان اور سعد ﷲ بھی موجود تھے۔

ٹرائلز میں بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، کچلاک، لورالائی، ہرنائی، ڈیرا بگٹی، سوراب، مچھ، قلعہ سیف ﷲ، قلات، خضدار، چمن، پشین اور قلعہ عبدﷲ سے 500 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

برطانوی کوچ کیون ریویز نے بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی ٹرائلز میں دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا اور شریک کھلاڑیوں کی کھیل میں مہارت اور ٹیلنٹ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

ٹرائلز کا آخری مرحلہ کراچی میں 28 اگست کو ڈی ایچ اے فٹبال اسٹیڈیم، خیابان راحت، بلاک VIپر منعقد ہوگا۔ جہاں کراچی کے مختلف علاقوں سے ایک بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔

سوکا ورلڈ کپ یونان کے شہر کریٹ میں 12 سے 20 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔