یورپین خارجہ امور سربراہ کی بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات

August 31, 2019

یورپین خارجہ امور کی سربراہ فیدریکا موگرینی نے بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں مسئلہ کشمیر اٹھا دیا۔

یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان جمعے کی شام برسلز میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران مادام موگرینی نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بھی گفتگو کی، بھارتی وزیر خارجہ نے کشمیر اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

مدام موگرینی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ یورپین یونین پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے دو طرفہ بات چیت کی بنیاد پر پُر امن حل کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کشمیر کے حوالے سے کشیدگی میں اضافے سے بچنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سے کشمیری عوام کے حقوق اور ان کی آزادی کو بحال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس ملا قات میں یورپ اور انڈیا کے درمیان باہمی تعلقات میں اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے ٹھوس شراکت داری کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔