میسی اور رونالڈو کی فٹبال ایوارڈز پر اجارہ داری خطرہ میں پڑگئی

September 03, 2019

روم (جنگ نیوز) دنیائے فٹ بال کے ایوارڈز پر میسی اور رونالڈو کی برسوں سے قائم اجارہ داری ختم ہونے لگی، ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے لیور پول کے نئے اسٹار ورجل وان وائک فیفا فٹ بالر آف دی ایئر کے ایوارڈ کیلئے بھی ان کے درمیان آگئے۔ وان وائک نے گذشتہ ہفتے ہی یوئیفا فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔ فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے گذشتہ برس بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ کے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ مردوں کیلئے ایوارڈ میں دوڑ میں مذکورہ بالا تین سپر اسٹار شارٹ لسٹ ہوئے ہیں ۔ ٹاپ خاتون پلیئر چنے جانے کیلئے انگلینڈ کی لوسی برانز، امریکا کی الیکس مورگن اور ان کی ہم وطن میگن راپنوئے شامل ہیں۔مردوں کے بہترین کوچز کیلئے مانچسٹر سٹی کے پیپ گارڈیولا، لیورپول کے یرگن کلوپ اور ٹاٹنہم کے ماریسیو پوچٹینو جبکہ خواتین کوچ کیلئے پی ایس جی کی کرسٹیان اینڈلر، وولفزبرگ کی ساری وان وینیڈال کے درمیان مقابلہ ہے۔