حمزہ علی عباسی نے اے ٹی ایم چور کیلئےآواز اٹھادی

September 05, 2019

اداکار حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ ہفتےجاں بحق ہونے والے اے ٹی ایم کارڈ چور صلاح الدین کے انصاف کے لیے آواز اُٹھادی۔

اداکار و اینکر پرسن حمزہ علی عباسی نے ٹوئٹر پر صلا ح الدین کے انصا ف کے لیے آواز اُٹھاتے ہوئے لکھا کہ ’جب چھوٹے لوگ چوری کرتے ہیں تو وہ جیلوں میں مر جاتے ہیں کیونکہ وہ غریب ہوتے ہیں لیکن جب وہ ہی جُرم بڑے لوگ کرتے ہیں تو اُن کو فائیو اسٹار سہولیات فراہم کی جاتی ہیں کیونکہ وہ دولت مند اور طاقتور ہوتے ہیں۔‘

حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ ’ہم ایسے ملک میں ترقی کی توقع کیسے کرسکتے ہیں؟ جہاں غریب کو انصاف ہی نہ ملے، انصاف کے بغیر کوئی بھی ملک خوشحال نہیں ہو سکتا ہے، یہ اللّہ کا قانون ہے۔‘

انہوں نے اپنے دوسرے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’وہ جسمانی طور پر ٹھیک تھا لیکن ذہنی طور پر ٹھیک نہیں تھا اور پنجاب پولیس کی جانب سے صلاح الدین کی موت کی وجہ قُدرتی بتائی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے پنجاب پولیس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اِس واقعے کے بعد پنجاب پولیس میں سے کسی کو معطل کیا گیا؟ یا کسی پولیس افسر کو گرفتار کیا گیا؟ یا اِس بار بھی کبھی نہ ختم ہونے والی تفتیش ہی چلتی رہے گی؟‘

صلاح الدین کے انصاف کے لیے اداکارہ ارمینہ خان نے بھی ٹوئٹ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر اے ٹی ایم کارڈ چور کے نام سے ایک شخص کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص اے ٹی ایم مشین توڑ کر اُس کے اندر سے کارڈ چوری کرتے ہوئے نظر آیا اور ساتھ ہی اُس شخص نے سی سی ٹی وی کیمرے میں دیکھ کر عجیب و غریب منہ بنائے، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پنجاب پولیس نے صلاح الدین کو گرفتار کرلیا تھا اور گرفتاری کے اگلے دِن ہی وہ حوالات میں انتقال کرگیا تھا۔