ڈینگی کنٹرول کیلئے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر

September 10, 2019

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ ڈینگی کنٹرول کیلئے آئوٹ ڈور سرویلنس کو ہنگامی بنیادوں پر مذید تیز کیا جائے، تمام ہائی رسک علاقوں کا از سرنوجائزہ لیا جائے اورتمام محکمے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔غفلت کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زیر زمین واٹر ٹینکس اور چھتوں پر پانی کی ٹینکیوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور کسی بھی جگہ گھروں کے اندر یا باہر پانی نہ جمع ہونے دیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈھوک کالاخان کے ساتھ ساتھ ائر پورٹ سوسائٹی فیز 4، گلریز کالونی فیز1اور 2،اور نیو افضل ٹائون میں ڈینگی کنٹرول اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور انسدادڈینگی اقدامات کو جنگی بنیادوں پر تیز کیاجائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صائمہ یونس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہان کو انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی جائیں اور تمام تعلیمی اداروں کو ڈینگی سے محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ طویل عرصہ سے مقفل گھروں اور عمارتوں، ایسے خالی پلاٹوں اور کمرشل ایریاز کے مالکان جن کی شناخت نہیں ہو سکی ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ان جگہوں پر انسداد ڈینگی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس کو بتایا گیا گزشتہ روز ڈینگی کے 51نئے کیس سامنے آئے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ماحولیات نے 25ٹائر شاپس اور 54کباڑ خانوں کی چیکنگ کی اور ایک جگہ ڈینگی لاروا ملا اور ایف آئی آر درج کرا دی گئی۔ محکمہ اوقاف نے پوٹھوہار ٹائون میں 32مساجد، راول ٹائو ن میں 69اور کینٹ کے علاقہ میں 31مساجد کا معائنہ کیا۔دریں اثناء پیر کو ڈپٹی کمشنر نے پولیس افسران کے ہمراہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ، مساجد اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ راولپنڈی میں عاشورہ محرم کے دوران مقررہ روٹس پر علم، تعزیہ کے جلوسوں کے دوران عزاداروں کو سہولیا ت فراہم کرنے کے تمام انتظاما ت مکمل کر لئے گئے ہیں۔