کشمیر پر حکومت صرف اچھل کود کر رہی ہے: سراج الحق

September 15, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کوئٹہ میں کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کیلئے جماعتِ اسلامی کے مارچ سے سراج الحق خطاب کر رہے ہیں

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ افسوس سے کہناپڑتا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت صرف اچھل کود کر رہی ہے۔

کشمیریوں سےاظہارِ یک جہتی کے لیے جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام کوئٹہ میں عوامی مارچ اور جلسہ منعقد کیا گیا۔

جماعتِ اسلامی کاکشمیریوں سے اظہار یکجہتی مارچ کوئٹہ کے علاقے عبدالستار ایدھی چوک سے شروع ہوا جو پرنس روڈ، جناح روڈ سے ہوتا ہوا جناح روڈ پر منان چوک کےقریب پہنچا جہاں جلسہ منعقد کیا گیا۔

عوامی مارچ کی قیادت جماعتِ اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق اور دیگر قائدین نے کی، عوامی مارچ اور جلسے میں جماعتِ اسلامی کےکارکنوں اور حمایتیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔

امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق کا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیری عوام پاک فوج اور صاحبِ اقتدار طبقے کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت عمل کا ہے ہم حکمرانوں کی صرف تقریریں سننے کے لیے تیار نہیں ہیں،حکومت کشمیر کی صورتحال پر عملی اقدامات اٹھائے۔

امیرجماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آج پوری قوم کی طرح بلوچستان کے عوام اور غیور قبائل بھی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کالجز، یونیورسٹیز اور مساجد بند ہیں، بھارتی فوج نے کشمیریوں کا محاصرہ کیا ہوا ہے، مگر اسلامی ممالک اور پاکستان کا حکمران طبقہ صرف صورتِ حال دیکھ رہاہے، سب اس صورت ِحال پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔