کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑواں شہروں میں وکلاء کی ریلیاں

September 17, 2019

راولپنڈی، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، خصوصی رپورٹ)ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بار کے صدر سید تنویر سہیل شاہ اور جنرل سیکرٹری شہزاد میر اس حوالے سے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے وکلاء اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پرسابق صدر بار و ممبر پنجاب بار کونسل سجاد اکبر عباسی، سابق سیکرٹری بار سردار منظر بشیر، سردار بلال قیوم خان ، ثنا اٰللہ زاہد ایڈووکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ وفاقی دارالحکومت کی ضلعی کچہری میں بھی وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی۔ صدر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن چوہدری خانزادہ کی قیادت میں ایف ایٹ کچہری سے نکلنے والی ریلی میں سیکرٹری بار راجہ یاسر شکیل سمیت راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء نے بھی اظہار یکجہتی کیا۔ وکلاء نے یواین او آفس تک مارچ کیا اور یادداشت جمع کروائی۔