اخراجات پورے کرنے کیلئے ہسپتالوں کا ایمرجنسی قرضوں پر انحصار

September 21, 2019

لندن( پی اے ) ایک تھنک ٹینک نے انکشاف کیاہے کہ انگلینڈ کے ہسپتالوں کا ماہ بماہ حکومت کے ایمرجنسی قرضوں پر انحصار بڑھتا جارہاہے۔ نفیلڈٹرسٹ نے کہاہے کہ این ایچ ایس کے ہسپتالوں کو قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے مریضوں پر اخراجات میں کٹوتی کررہے ہیں، 2019-2018 کے دوران ٹرسٹ عبوری مالی امداد کے ضمن میں حکومت کے 10 بلین پونڈ کا مقروض تھا اور اس نے گزشتہ سال 185ملین پونڈ سود ادا کیا، ہیلتھ اور سوشل کیئر ڈیپارٹمنٹ کا کہناہے کہ یہ رقم واپس این ایچ ایس کو مل گئی، بی بی سی کے تجزیے کے مطابق 2017-2016 اور-2019-2018 کے دوران این ایچ ایس پر حکومت کاقرض دگنا ہوگیا ۔ہیلتھ اور سوشل کیئر ڈیپارٹمنٹ کی سالانہ رپورٹس کے مطابق این ایچ ایس کے 122 ٹرسٹس کو عبوری امداد فراہم کی گئی،اس سے ہسپتالوں اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے والے دیگر اداروں کو خسارے کے باوجود ادارے چلانا ممکن ہوا۔تاہم ٹرسٹ کو یہ رقم سود کے ساتھ واپس ادا کرنا ہوتی ہے۔نفیلڈ ٹرسٹ کے سینئر پالیسی تجزیہ کار کا کہناہے کہ ہسپتال پہلے اپنے اخراجات پورے نہیں کرپارہے اور اب انھیں سود ادا کرنے کیلئے مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں میں کٹوتی کرنا پڑ رہی ہے۔بہت سے ہسپتال مرکزی حکومت سے ماہ بماہ ہنگامی بیل آئوٹ کی بنیاد پر ہی کام کررہے ہیں۔جبکہ یہ درست ہے کہ محکمے کو ادا کی جانے والی سود کی رقم دوبارہ این ایچ ایس ہی کو واپس مل جاتی ہے تاہم اس کی کوئی ضمانت نہیں کہ یہ رقم اسی ادارے کو واپس کی جائے گی جس نے سود ادا کیا ہے۔ اس کی وجہ سے این ایچ ایس کو اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔