مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کرانے کیلئے مسلم امہ کا اتحاد ضروری ہے،شفیق پسروری

September 21, 2019

مانچسٹر(علامہ عظیم جی )امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلامی ممالک کے سر براہوں سمیت مسلمانوں کا وسیع اتحاد ضروری ہے۔ مسئلہ کشمیر ، فلسطین اور روہنگیا کے مسائل امت مسلم کے مسائل ہیں۔ان خیالات کا اظہار بلیک سٹون مانچسٹر میں مسئلہ کشمیر اور امت مسلمہ کے اتحاد کے سلسلہ میں تقریب و ظہرانے کے مو قع پر مہمان خصوصی پاکستان اسلامی نظریاتی کونسل حکومت پاکستان کے ممبر رانا محمد شفیق پسروری، شیڈو وزیر امیگریشن افضل خان، ہیومن ویلفیئر پیس فار آل کے چیئرمین مصطفی کمال شیخ، خطیب مکی مسجد حافظ حمود الرحمان نے اپنے خطابات میں کیا جس کا اہتمام ممتاز کاروباری شخصیت چوہدری طاہر صدیق نے کیا تھا۔ رانا شفیق پسروری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب عالمی مسئلہ بن چکا ہے، پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کرکے دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم عالمی امن اور بقائے انسانیت پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری امن کوششوں کو بزدلی تصور نہ کیا جائے، بھارت جنگی جنون کے باعث خود اپنے وجود کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔اس موقع پر شیڈو وزیر افضل خان نے کہا کہ بھارتی ظلم کو فوری روکا نہ گیا تو نہ صرف خطے کا امن تباہ ہوگا بلکہ پوری دنیا کو ایٹمی تباہ کاری کے بدترین اثرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے گٹھ جوڑ کو پوری دنیا کے امن کیلئے خطرے کی گھنٹی قرار دیا انہوں نے کہا کہ کشمیری تنہا نہیں ہیں ،پوری دنیا کے امن پسند ان کے ساتھ ہیں۔ حافظ حمود الرحمان نے کہاکہ اس وقت اتحاد امت بہت ضروری ہے مسلم امہ کو ہر طرح کی وابستگی سے بالاتر ہو کر متحد ہونا چاہئے۔پیس فار آل کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری پوری کرے ورنہ کشمیر ایٹمی جنگ کی وجہ بن سکتا ہے۔ چودری محمد اسحاق نے پاکستان میں قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ میزبان طاہر صدیق چوہدری نے شیڈو وزیر افضل خان کی طرف سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم عالمی فورمز پر اٹھانے پر شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر مشتاق زیدی، مسٹر بٹ، چوہدری باجوہ کے علاوہ دیگر رہنمابھی شریک تھے۔