لیاقت قائم خانی کی کھپرو میں 500 ایکڑ اراضی، شاندار بنگلہ، ڈیری فارمز، والد کا عالیشان مقبرہ

September 22, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

لیاقت قائم خانی کھپرو میں 500 ایکڑ اراضی کے مالک ہیں

کراچی (این این آئی) نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کا تعلق ضلع سانگھڑ کے علاقے کھپرو سے ہے، ان کے آبائی علاقے میں بھی مبینہ اثاثوں کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

قریبی خاندانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کھپرو اور سندھڑی کے علاقوں میں لیاقت قائم خانی کی مبینہ طور پر 500 ایکڑ سے زائد زرخیز زرعی زمین ہے۔

کھپرو میں ایک ایکڑ پر محیط جدید سہولیات سے مزین سینٹرلی ایئر کنڈیشن بنگلے کے علاوہ برائلر مرغی کے کئی فارمز، بھینسوں کے باڑے اور کھپرو شہر کے وسط میں مارکیٹس بھی ہیں۔

قریبی ذرائع کے مطابق کھپرو میں دو ایکڑ پر محیط شاندار پارک میں والد کا عالی شان مقبرہ تعمیر کیا گیا ہے، پارک نما قبرستان کا ڈیزائن کراچی کے باغ ابن قاسم سے ملتا جلتا ہے۔

لیاقت قائم خانی کے والد اتائی ڈاکٹر تھے اور ان کے نام پر میرپورخاص میں نجی کالج بھی قائم ہے۔

واضح رہے کہ جعلی اکائونٹس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی میں گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ساز و سامان اور دستاویزات برآمد کیں۔