سیلفی لیتے ہوئے دلہن سمیت 4 افراد دریا میں بہہ گئے

October 08, 2019

نوبیاہتا خاتون کو اپنے رشتہ داروں کے ساتھ سیلفی بنانا مہنگا پڑگیا جہاں ایک ہی خاندان کے 4 افراد دلہن سمیت پانی میں بہہ گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پمبر ڈیم سے متصل دریا میں پیش آیا۔

دلہن کے ساتھ موجود تمام افراد ایک دوسرے کو تھامے دریا کے پانی میں کھڑے ہو کر سیلفی لینے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران ان میں سے ایک کا پیر پھسل گیا، دیگر لوگوں نے اسے بچانے کی کوشش کی اور وہ بھی اس کے ساتھ بہہ گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دلہن کے شوہر نے تمام لوگوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ صرف اپنی بہن کو ہی بچانے میں کامیاب ہوسکا اور باقی 4 لوگ پانی میں بہہ گئے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق مارے جانے والوں میں دلہن اور ایک 14 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس مئی میں بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک واقعہ پیش آیا تھا جب ریلوے ٹریک پر 3 لڑکے سیلفی لینے کی کوشش کر رہے تھے کہ تیزی آنے والی ٹرین سے بچنے کےلیے انہوں نے دوسرے ٹریک پر چھلانگ لگادی جہاں مخالف سمت سے آنے والی ٹرین نے انہیں کچل دیا تھا۔

آل انڈیا انسٹیٹیوٹ برائے میڈیکل سائنس کے مطالعے کے مطابق 2011 سے 2017 کے دوران سیلفی لیتے ہوئے 259 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔

اسی ادارے کے مطابق سیلفی لیتے ہوئے سب سے زیادہ ہلاکتیں بھارت میں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ اس فہرست میں روس دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر ہے۔

دنیا بھر میں سیلفی لیتے ہوئے اموات کی شرح میں پاکستان کا نمبر چوتھا ہے۔