مریم نواز کیساتھ سیلفیوں پر جج برہم، فون بند کرادیئے

October 09, 2019

لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کے دوران لوگوں کی مریم نواز کے ساتھ سیلفیوں پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کمرہ عدالت میں موبائل فون بند کرا دیئے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے دونوںملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کردی ۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کو روسٹرم پر طلب کیا، مگر رش ہونے پر مریم نواز کو بیٹھےرہنے کا کہا اور ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کا ایشو ہے، رش نہ لگایا جائے۔

مریم نواز کے وکلاء نے سائیڈ روم میں مریم نواز سےمشاورت کی اجازت طلب کی جسے عدالت نےمنظور کرلیا اور خبردار کیا کہ غیر متعلقہ افراد وہاں گئے تو ذمے دار وکلاء ہوں گے۔

عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران لوگوں کا شدید رش تھا اور لوگ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے جس پر عدالت نے اظہارِ برہمی کیا اور موبائل فون بند کرادیئے۔

اس موقع پر احاطہ عدالت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی تھی، اسی طریقے سے جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں مجھ سے موبائل فون برآمد ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، آئی جی جیل نے بھی اس کی تردید کی ہے، جس طرح جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، اسی طرح دھاندلی زدہ حکومت کےبھی پاؤں نہیں ہوتے۔

واضح رہے کہ عدالت نےسماعت کے بعد مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں23 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔