نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم،فائنانسنگ کیلئے انفرااسٹرکچر بنانا ہوگا،سلمان شاہ

October 10, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خزانہ سلمان شاہ نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کی فائنانسنگ کیلئے پہلے انفرااسٹرکچر بنانا ہوگا،نمائندہ ٹی آر ٹی حسن عبداللہ نے کہا کہ ترکی کارروائی سے شام کے اندر سیف زون قائم کرنا چاہتا ہے، ترک حکومت اس جگہ پر شامی مہاجرین کو بسانا چاہتی ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کو سودن ہوگئے ہیں، سو دن پورے ہونے پر ان کیخلاف چلنے والے منشیات اسمگلنگ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خزانہ سلمان شاہ نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کی فائنانسنگ کیلئے پہلے انفرااسٹرکچر بنانا ہوگا، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں مختصر مدتی، درمیانی مدتی اور طویل مدتی اقدامات پر بات ہورہی ہے،ہاؤسنگ اسکیم کیلئے سب سے اہم چیز مستحکم فائنانس ہے، حکومت بینکوں کو گارنٹی دیتی ہے کہ بینک گھروں کیلئے جو قرضہ دیں گے اگر وہ واپس نہیں آیا تو حکومت واپس کرے گی تو شاید چند گھر بن جائیں ، لیکن حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے اس طرح کی گارنٹی نہیں دے سکتی ہے، اس وقت کوشش ہے کہ کسی طرح بچتوں کو موبلائز کر کے گھر بنائے جائیں، ان اقدامات کے نتیجے میں ہاؤسنگ اسکیم معاشی ترقی میں انجن کے طور پر سامنے آئے گی، بینکنگ سسٹم میں مارگیج فائنانس سروس بچتوں کے ذریعہ ہوتی ہے، مارگیج اور بچتوں کے نظاموں کو ملا کر کام کیا جاتا ہے، شرح سود ضرورت سے بڑھ جائے تو حکومت مداخلت کر کے ہاؤسنگ کے نکتہ نظر سے سبسڈی بھی دے سکتی ہے، مارگیج کی واپسی ہونا بہت ضروری ہوگا، لارج اسکیل پر ہاؤسنگ کرنے سے مکانات کی تعمیر کی لاگت کم ہوسکتی ہے۔