رہائشی گھروں کے کمرشل استعمال کیخلاف آپریشن، 27 سربمہر

October 10, 2019

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ویسٹریج میں رہائشی گھروں کے غیرقانونی کمرشل استعمال کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 27جائیدادوں کو سربمہر کر دیا ، ایگزیکٹو آفیسر سبطین رضا نے بتایا کہ ان رہائشی گھروں میں کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں جن کیخلاف نوٹسز کے اجرا کے بعد کارروائی کی گئی۔ دریں اثناءراولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے مبینہ طور پر بغیر اجازت مرمت کرنے پر صدر میں واقع شاپنگ مال پہچان مال اور انگلش شوز وغیرہ کو سربمہر کر دیا تاہم رات سات بجے دونوں کو ڈی سیل کر دیا گیا ۔اس حوالے سے ایگزیکٹو آفیسر بورڈ سبطین رضا نے بتایا کہ پہچان مال اور انگلش شوز وغیرہ کاروباری مراکز کو غلط فہمی کی بنیاد پر عملہ نے سربمہر کیا تھا حالانکہ ان مراکز کے مالکان نے مرمت کی اجازت لے رکھی تھی۔ بنک روڈ پر گارمنٹس کی سیل ہونے والی دکان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہاں پر سرکاری جگہ پر قبضہ کیا گیا ہے اس لئے اسے ڈی سیل نہیں کیا گیا ۔