برطانیہ میں ڈیم فنڈ کیلئے13ملین کے وعدے، 2ملین پونڈ جمع ہوسکے

October 12, 2019

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) گزشتہ سال نومبر میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے برطانوی عوام سے پاکستان میں 2ڈیمز کی تعمیر کیلئے مدد کی اپیل کی تھی اور برٹش پاکستانیوں سے وعدہ کیا تھا کہ یہاں سے جمع ہونے والی ایک ایک پائی کے بارے میں آگاہ کیا جاتا رہے گا لیکن کم و بیش ایک سال ہونے کو ہے، ابھی تک فنڈ کے بارے میں کوئی اَپ ڈیٹ نہیں دی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جمع ہونے والے فنڈز وعدوں کے مقابلوں میں بہت کم ہیں۔ وعدے 13ملین پونڈ کے کئے گئے تھے اور جمع صرف2ملین پونڈ ہوسکے ہیں۔ دی نیوز کی تفتیش سے ظاہر ہوا ہے کہ تمام ڈونرز، ایونٹ آرگنائزرز اور فنڈ جمع کرنے والوں نے بلند بانگ اور غیرحقیقی دعوے کئے تھے اور اکائونٹ میں جمع ہونے والی رقم وعدوں کے مقابلے میں نہ صرف یہ کہ بہت کم ہے بلکہ پورا عمل شفافیت سے بھی عاری ہے اور آرگنائزرز نے میڈیا میں تشہیر کے لئے وعدے کئے تھے۔ 22نومبر کو ویسٹ لندن کے ایک ریسٹورنٹ میں فنڈز جمع کرنے کی پہلی تقریب کی تھی، جس میں ریٹائرڈ چیف جسٹس مہمان خصوصی تھے۔ اس تقریب میں 5.4 ملین پونڈ کے عطیات کے وعدے کئے گئے تھے۔ اس کے 9ماہ بعد آرگنائزرز نے اس رپورٹر کو بتایا کہ ٹکٹوں کی فروخت اور الائیڈ لاء سالیسٹرز کی جانب سے دیئے گئے5ہزار پونڈ سمیت33 ہزار پونڈ جمع ہوسکے۔ بقیہ 5.4 ملین پونڈ کہاں گئے؟ آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ رواں سال اپریل سے5 ملین پونڈ جمع کرانا شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن گزشتہ 3ماہ کے دوران ایک پیسہ نہیں جمع کرایا گیا، ایک ڈونر نے اپنے 2مکان ایک لاہور میں واقع مکان اور ایک دوسرے شہر میں واقع مکان عطیہ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس پر ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ 23نومبر کو مانچسٹر میں فنڈ جمع کرنے کی ایک اور تقریب ہوئی تھی، جو وہاںکی سب سے بڑی تقریب بتائی جاتی ہے، جس میں سابق چیف جسٹس مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں اعلان کیا گیا تھا کہ 23ملین پونڈ جمع ہوئے لیکن رواں ہفتے بتایا گیا کہ فنڈز ابھی آرہے ہیں اور جمع ہونے والی 30فیصد رقم پاکستان بھیج دی گئی ہے۔ دعوے کے مطابق مجموعی طور پر6لاکھ 90ہزار پونڈ جمع ہوئے تھے اور یہ رقم لندن میں ڈیم فنڈ کے اکائونٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔ برطانیہ کے ایوان صنعت وتجارت پاکستان نے پارک لین میں فنڈ جمع کرنے کی تقریب کی تھی اور اعلان کیا گیا تھا کہ 105ملین پونڈ جمع ہوگئے، پی ٹی آئی کے رہنما اور ایوان کے سیکرٹری جنرل وحید الرحمٰن میاں نے بتایا کہ ہائی کمیشن کی جانب سے قائم کئے گئے ڈیم فنڈ میں300 ہزار پونڈ جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے3 سال میں رقم دینے کا وعدہ کیا تھا اور ڈونرز براہ راست ڈیم اکائونٹ میں رقم جمع کرا رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز کی ورلڈ کانگریس نے سینٹرل لندن میں فنڈ جمع کرنے کا اہتمام کیا تھا، اس کے چیئرمین ناہید رندھاوا نے دی نیوز کو بتایا کہ مجموعی طورپر 11لاکھ 70ہزار 701 پونڈ کا وعدہ کیا گیا تھا، ورلڈ کانگریس نے ذاتی نام سے کوئی چیک وصول نہیں کیا ہے اور تمام چیک براہ راست ڈیم فنڈ میں جمع کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تنظیم نے اکائونٹ میں92ہزار 701پونڈ کا اور مہمانوں نے ایک لاکھ78 ہزار پونڈ کے چیک براہ راست اکائونٹ میں جمع کرائے، مجموعی رقم میں سب سے زیادہ رقم 6لاکھ پونڈ کا چیک بیسٹ وے گروپ نے جمع کرایا، اس تقریب میں بیسٹ وے گروپ کی اس شکایت پر کہ اسے بدنیتی سے ٹارگٹ کیا گیا، سابق چیف جسٹس نے بیسٹ وے گروپ سے معذرت کی تھی۔ اس تقریب میں مزید درجنوں وعدے کئے گئے تھے لیکن سابق چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، پارک لین کے ایک ہوٹل میں، جہاں چیف جسٹس قیام پذیر تھے، 2گروپوں نے سابق چیف جسٹس سے ملاقات کی اور پوسٹر سائز کے چیکس کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ دونوں گروپوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے کوئی رقم جمع نہیں کرائی اور کسی نے بھی ان تنظیموں سے رابطہ نہیں کیا۔ مڈلینڈ سے لندن جاتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے اے پی پی ایس یو کے نامی ڈاکٹروں کے ایک گروپ کی تقریب میں شرکت کی، اس تقریب میں بھی ڈیم فنڈ کے لئے عطیات کے وعدے کئے گئے لیکن کوئی رقم نہیں دی گئی۔ تنظیم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وہ پاکستان میں اپنے طور پر طبی خدمات فراہم کررہے ہیں لیکن انہوں نے تصدیق کی کہ ڈیم فنڈ کے لئے کوئی رقم جمع نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تقریب میں فنڈز جمع نہیں کئے گئے، یہ آگہی پیدا کرنے کے لئے ایک استقبالیہ تھا۔ برمنگھم میں باکسر عامر خان کی عامر خان فائونڈیشن نے کمیونٹی لیڈرز کے ایک گروپ کے ساتھ فنڈ جمع کرنے کی ایک تقریب منعقد کی، جس میں3 ملین پونڈ سے زیادہ کے عطیات کا وعدہ کیا گیا لیکن عامر خان کا کہنا ہے کہ ان کا جمع ہونے والی رقم سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کے ترجمان نے کہا کہ جہاں تک مجھے یاد ہے، عامر کو سابق چیف جسٹس نے ذاتی طور پر مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا تھا۔ اس رات جمع ہونے والی رقم چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ میں جمع کرا دی گئی تھی۔ اصل آرگنائزر کونسلر رانا شوکت نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس تقریب میں جماعت اسلامی کے اسلامک مشن کے ایک لاکھ پونڈ کے ایک چیک سمیت2 لاکھ پونڈ جمع ہوئے تھے، ہم نے تقریب کے شرکا کو ڈیم فنڈ کی تفصیل بتا دی تھی اور انہوں نے براہ راست فنڈ جمع کرانے کا وعدہ کیا تھا، اکرم حلال میٹ نے ایک لاکھ پونڈ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ رقم جمع کرائی گئی یا نہیں؟ پاکستان ہائی کمیشن کے ایک ذریعے نے بتایا کہ تمام ایونٹس کے آرگنائزرز اپنے وعدے پورے نہیں کرسکے۔ ہائی کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ ہم فنڈز جمع کرنے والوں کا کچھ نہیں کرسکتے اور بینک اکائونٹ سپریم کورٹ پاکستان کی ہدایت پر کھول گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ کمیشن کسی کے بھی عمل کا ذمہ دار نہیں۔ ترجمان نے بقیہ سوالوںکے جواب نہیں دیئے۔