عالمی برادری بھارت پرمقبوضہ کشمیر میں مظالم ختم کرنے کیلئے دباؤ ڈالے، سردار مسعودخان

October 12, 2019

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) کشمیرکونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے کشمیرہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ کئی ہفتوں سے جاری مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ اور وہاں کے لوگوں پر مسلط کردہ کرفیو اور دیگر پابندیاں ختم کرے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا ٹیموں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دی جائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے اصل حقائق دنیا کے سامنے آسکیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ عالمی میڈیا میں حالیہ ہفتوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور کرفیو کی خبریں آنے سے دنیا میں مقبوضہ وادی میں جاری مظالم کے بارے میں اور مسئلہ کشمیر کے بنیادی قضیے کے بارے میں مزید آگاہی پیدا ہوئی ہے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے صدر آزاد کشمیر کو کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے یورپ کی سطح پر مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال اور مسئلہ کشمیر کی اصل حقیقت کو اجاگر کرنے کے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کشمیرکونسل کی حالیہ کوششوں کو سراہا۔علی رضا سید نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں عدم تشدد اور پرامن تحریک کو دنیا میں پھیلانا ہوگا اور مظلوم کشمیریوں کے لیے دنیا کی ہمدردیاں حاصل کرنا ہوگا۔ اس طرح اقوام عالم میں آگاہی پیدا ہوگی اور بین الاقوامی حکومتیں بھی بھارت پر دباؤ ڈال سکیں گی۔ملاقات کے دوران صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں محاصرہ، کرفیو اور مظالم کی تازہ لہر کے بعد پاکستان نے صحیح معنوں میں اس گھمبیر صورتحال کو دنیا کے سامنے پہنچایا ہے، خاص طور پر وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں حالیہ تقریر کا بہت زیادہ اثر ہوا ہے۔ اقوام عالم کے علاوہ، پاکستان کے عوام اور دونوں اطراف کے کشمیریوں نے بھی اس تقریر کو سراہا ہے۔ سفارتی محاذ پر پاکستان کی کوششیں جاری ہیں اور ان کوششوں پر کشمیری عوام پاکستان کی مشکور ہے۔