ملک دھمکیوں سے نہیں چلایا جاسکتا، سعد رفیق

October 14, 2019

سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اپنی حکومت ختم کرنے کی بہت جلدی ہے، 22کڑور کا ملک دھمکیوں سے نہیں چلایا جاسکتا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی میڈیا سے گفتگو

پیراگون اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران کی فرد جرم ختم کرکے بری کر نے کی درخواستوں پر احتساب عدالت میں سماعت ہوئی اور کیس کا فیصلہ 16 اکتوبر تک محفوظ کرلیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی جہاں جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر خواجہ برادران کو پیش کیا۔

دوران سماعت ملزمان کے وکیل اشتر اوصاف نے فرد جرم ختم کرکے بری کرنے کی درخواستوں پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کے مطابق پیراگون کا ریفرنس نیب کی حدود میں نہیں آتا ۔

انہوں نے کہا کہ اس ریفرنس سے خواجہ برادرن کو بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا، نیب سے ریفرنس دائر کرنے کی غلطی ہوچکی ہے اور وہ غلطی کو چھپا رہے ہیں۔

نیب پراسیکوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزمان کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا ہے عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سماعت کے بعد احاطہ عدالت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن عوام کی آواز بن رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنی حکومت ختم کرنے کی بہت جلدی ہے 22کڑور کا ملک دھمکیوں سے نہیں چلایا جاسکتا ۔

واضحرہے کہ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جوڈیشل کمپلیکس کی طراف آنے والے راستوں کو خاردار تارین اور کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا۔