کراچی، جناح اسپتال کے کینسر یونٹ کیلئے 7 ملین ڈالرز جلد جاری کرنیکا اعلان

October 15, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی، جناح اسپتال کے کینسر یونٹ کیلئے 7 ملین ڈالرز جلد جاری کرنیکا اعلان

سندھ حکومت نے جناح اسپتال کراچی کے آپریشن کمپلیکس کے لئے 7 ملین ڈالرز جلد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت جناح اسپتال (جے پی ایم سی) کے کینسر یونٹ یعنی سائبر نائف سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سائبر نائف یونٹ کے پروفیسر طارق محمود، پیشنٹ ایڈ کے مشتاق چھاپرا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، فنانس سیکریٹری حسن نقوی بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ 2019ء کے آخر تک سائبر نائف کا دوسرا یونٹ آ رہا ہے، پاکستان کے 131 شہروں سے مریض جناح اسپتال کے سائبر نائف یونٹ میں کینسر کے علاج کیلئے آتے ہیں۔ 4.5 ملین ڈالر کی لاگت سے ٹومو تھراپی یونٹ لگا رہے ہیں، یہ ایک جدید ترین کیمو تھراپی ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ یہ ٹومو تھراپی کی دنیا میں 17ویں مشین ہوگی جو جناح اسپتال کراچی میں لگے گی، آپریشن کامپلیکس کی تعمیر پر 35 ملین ڈالرز کا خرچہ ہے جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت 7 ملین ڈالرز جلد جاری کرے گے۔

اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ 24 مریض روزانہ سائبر نائف میں دیکھے جاتے ہیں، جناح اسپتال میں روزانہ 120 مریضوں کی ریڈیو تھراپی ہوتی ہے، جناح اسپتال کے سائبر نائف یونٹ میں 60 مریضوں کی ٹومو تھراپی ہوگی۔

جناح اسپتال کے کینسر او پی ڈی میں روزانہ 200 مریضوں کو دیکھا جاتا ہے، 9 منزلہ جناح سرجیکل کمپلیکس اور آپریشن تھیٹر ہے جس کی دو منزلوں پر او پی ڈی کام کر رہے ہیں، سرجیکل کمپلیکس کے باقی منزلوں پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔

12 ممالک سے لوگ جناح اسپتال کے سائبر نائف سے مفت علاج کراچکے ہیں جن میں افغانستان، امریکا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، کویت سمیت دیگر شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئے کمپلیکس کی تعمیر سے جناح اسپتال میں 2000 مریضوں کے بیڈز ہوجائیں گے، 2020 میں سندھ حکومت 7 لاکھ ڈالرز سائبر نائف کو فراہم کرے گی۔ دنیا میں سائبر نائف کے علاج کا خرچہ ایک کروڑ ہے جبکہ جناح اسپتال یہ علاج مفت فراہم کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سرجیکل کمپلیکس کے لئے 7 ملین ڈالرز جاری کرنے کیلئے سیکریٹری فنانس کو ہدایت دیدی اور کہا کہ ہم بہت سارے حکومت کے اخراجات کو روک کر اسپتال کو فنڈز دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لئے بیمار انسان کا علاج دیگر تمام ترجیحات سے زیادہ اہم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں سائبر نائف جناح اسپتال کا سکھر میں سیٹیلائٹ سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا۔