زرعی ایمرجنسی نافذ کرکے ہر فرد تک متوازن خوراک پہنچائی جائے،امن ترقی پارٹی

October 16, 2019

اسلام آباد( جنگ نیوز)امن ترقی پارٹی کے چیئرمین محمدفائق شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود خوراک کی کمی کے شکار ممالک میں 106ویں نمبر پر ہے جو ہماری سابقہ حکومتوں سمیت حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ زرعی ایمرجنسی نافذ کرکے ہر فرد تک متوازن خوراک پہنچائی جائے۔ اُنہوں نے خطے کے دوسرے ملکوں بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ المیہ اس لیے جنم لے رہا ہے کیونکہ جنگ کے بادل ہمیشہ منڈلاتے رہتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ امن اور ترقی کے فروغ کیلئے مل کر جدوجہد کی جائے۔ انسانیت کی فلاح اور ترقی امن اور باہمی تعاون سے وابستہ ہے۔