علی گیلانی کا کشمیریوں کی حمایت پر پاکستان سے اظہار تشکر

October 16, 2019

مقبوضہ کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی مسلسل حمایت پر پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت اور پاکستانی عوام سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کا مسئلہ مؤثر اور بھرپور انداز سے دنیا کے سامنے لانے پر وزیراعظم عمران خان کے ممنون ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اور اقوام متحدہ کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے محصور لوگوں کے لیے صرف بیانات کافی نہیں۔

سید علی گیلانی نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آگیا ہے اقوام عالم بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری بھارت کے شیطانی ہتھکنڈوں اور بھارتی فوج کے جبری تسلط کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا کہ جبری پابندیوں سے بھارت نے کشمیریوں کا عزم مزید مضبوط کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری آخری سانس تک حقوق کی جنگ لڑیں گے، کشمیریوں پر عائد تمام تر پابندیوں اور مظالم کے باوجود بھارت کی شکست وادی کی دیواروں پر لکھی ہے۔