قومی ٹی ٹوئنٹی میں شعیب، حفیظ اور شان صفر پر آؤٹ

October 18, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم منتخب کرنے سے قبل سلیکٹرز کو اس وقت شدید دھچکہ لگا جب جمعرات کو قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شعیب ملک، محمد حفیظ اور شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوگئے۔احمد شہزاد اور عمر اکمل کی ناکامی کے بعد دونوں پاکستانی ٹیم میں واپسی کے مضبوط امیدوار ہیں۔ اقبال اسٹیڈیم میں حفیظ اننگز اوپن کرنے آئے اور عاکف جاوید کا شکار بنے۔ شعیب ملک کو اسپنر اصغر نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔ پی سی بی نے قومی ٹیم میں واپسی کے لئے قومی ٹی ٹوئینٹی کی کارکردگی کو اہم قرار دیا ہوا ہے۔ سری لنکا کی ہوم سیریز میں گری ہوئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اٹھانے کے لئے مصباح الحق ساتھی سلیکٹرز کے ساتھ فیصل آباد میں سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹیم میں کون ہوگا ان اور کون ہوگا آئوٹ، ٹیسٹ سیریز میں قیادت کا تاج کس کے سر پر سجے گا۔ یہ سارے آپشن مصباح الحق نے ساتھی سلیکٹرز کے ساتھ ڈسکس کئے ۔ مصباح الحق بہت سارے معاملات میں سی ای او وسیم خان سے ڈسکس کرکے فیصل آباد پہنچے ہیں۔ سی ای او نے تبدیلیوں کے حوالے سے کئی معاملات پر مصباح الحق کو اختیارات دیئے ہوئے ہیں۔