کراچی: کتے کے کاٹنے سے خاتون انتقال کر گئیں

October 18, 2019

کراچی میں کتے کے کاٹنے سے ایک خاتون انتقال کر گئیں۔

جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ریبیز سے متاثرہ مریضہ 55 سالہ حور بی بی بے نظیر آباد کی رہائشی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ حور بی بی کو 16 اکتوبر کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن کے انتقال کر جانے سے رواں سال کتے کے کاٹنے سے اموات کی تعداد 19 ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ 14 اور 15 اکتوبر کی درمیانی شب کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں ایک پاگل کتے نے ایک پولیس اہلکار سمیت 25 افراد کو کاٹا تھا۔

کتے کے کاٹے کے تمام افراد کو کراچی کے مختلف اسپتالوں میں ویکسین لگائی گئی تھی جبکہ مذکورہ کتا ایف سی ایریاکی جھاڑیوں میں مردہ پایا گیا تھا۔

وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سندھ میں ہی نہیں پورے ملک میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی کمی ہے تاہم کراچی میں اس ویکسین کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ملک میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی کمی ہے: سعید غنی

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافے کے بعد شہر میں فوری کتا مار مہم چلانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔