اے پی این ایس کے سابق ایگزیکٹورکن وسینئرصحافی عبدالواحد یوسفی انتقال کرگئے

October 19, 2019

پشاور / کراچی (نمائندہ جنگ / جنگ نیوز )خیبرپختونخوا کےسینئرصحافی اورمقامی اردو روزنامہ آج کے بانی عبدالواحدیوسفی گذشتہ شب بقضائے الہٰی انتقال کرگئے ۔مرحوم کی نماز جناہ آج بروز ہفتہ بوقت گیارہ بجے صبح ادا کی جائے گی ،اے پی این ایس نے عبدالواحد یوسفی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے سابق ایگزیکٹیو رکن عبدالواحد یوسفی ملک گیر شناخت رکھنے والے نامور صحافی اور پشاور سے شائع ہونیوالے اخبار کے مالک ومدیر تھے ، عبدالواحد یوسفی نے عملی صحافت کاآغاز 1959-60ءمیں روزنامہ انجام پشاور سے بحیثیت سٹاف رپورٹر کیا، 1967ءسے 1994-95ءتک نیشنل پریس ٹرسٹ کے اخبار مشرق پشاور میں سٹاف رپورٹر، سینئر سٹاف رپورٹر، چیف رپورٹر، ڈپٹی ریذیڈنٹ ایڈیٹر، ریذیڈنٹ ایڈیٹر، مشرق گروپ کے ڈپٹی چیف ایڈیٹر اور مشرق گروپ کے نمائندہ خصوصی مقیم اسلام آباد کی حیثیت سے قابل قدر خدمات انجام دیں۔پشاور پریس کلب کے بانی ممبر ہیں، انہوں نے صحافتی خدمات کی بجا آوری کے سلسلے میں ایران، افغانستان، امریکہ، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی ممالک کے تفصیلی دورے بھی کئے، مرحوم کاجنازہ آج ان کی رہائش گاہ واقع سٹریٹ ٹو سی شامی روڈ پشاور کینٹ سے اٹھایاجائے گا اور سٹریٹ ٹو میں واقع پارک میں گیارہ بجے نما ز جنازہ ادا کی جائے گی مرحوم کے پسماندگان میں ان کے فرزند محمد علی یوسفزئی ، ارسلان جاوید یوسفزئی ، ان کے بھائی منور شاہ اور ان کے داماد ڈاکٹر شہزاد دلدار (یو کے ) اور عمر شفیع خان ( پی ایس او ) شامل ہیں۔گورنرشاہ فرمان،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان ،اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی سمیت دیگر سیاسی قائدین نے عبدالواحدیوسفی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکی صحافت کے لئے گرانقدرخدمات کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ادھر اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور سیکریٹری جنرل سرمدی علی نے عبدالوحید یوسفی کے انتقال پر اظہارافسوس کیا ہے، اے پی این ایس نے دعا ہےکہ اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔