پی پی اے ایف کا صوبے کے تین اضلاع میں ایل اے سی آئی پروگرام کا آغاز

October 19, 2019

پشاور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان غربت مٹائو فنڈ (پی پی اے ایف) نے خیبرپختونخوا کے تین اضلاع میں چھوٹے طبقے کی آمدن میں اضافے اور فروغ کے پروگرام (ایل اے سی آئی پی) کا آغاز کردیا ہے جس کے لئے جرمن ترقیاتی بینک کے ایف ڈبلیو کی جانب سے سرمایہ فراہم کیا جارہا ہے پروگرام پر نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (این آر ایس پی)، سرحد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی) اور سبائون کے اشتراک سے ضلع بونیر، شانگلہ اور لکی مروت کی 12 یونین کونسلز کے 36 دیہات میں عمل درآمدکیا جارہا ہے۔پروگرام علاقے کی سطح پر ادارے کا قیام ، کمیونٹی انفراسٹرکچر اور روزگار میں اضافہ و اس کے تحفظ کا احاطہ اور مجموعی طور پر پبلک انفراسٹرکچر میں بہتری لانے پرمبنی ہے ۔ تحت غربت کے اسکور کارڈ میں 23 سے نیچے افراد میں فنی تربیت اور روزگار کے لئے اثاثہ جات کی فراہمی اس کا اہم جزو ہے، پروگرام کے تحت مستفید افراد میں اپنا کام شروع کرنے کے لئے ضروری سامان تقسیم کیا جائے گا جبکہ انہیں تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی کے ساتھ اپنا کام شروع کرنے کی مہارت سکھائی جائے گی۔