سندھ کے وزیر خوراک مچھر کے وار سے نہ بچ سکے

October 19, 2019

سندھ کے وزیر خوراک ہری رام کشوری لال ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے

سندھ کے وزیر خوراک ہری رام کشوری لال بھی مچھر کے وار سے نہ بچ سکے، ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے۔

ہری رام کشوری لال کے خون کے نمونے ٹیسٹ کروانے کے بعد ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے: جاپانی کمپنی پاکستان میں ڈینگی اسپرے کرے گی

کراچی سمیت ملک بھر میں ڈینگی کے شکار مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

قومی ادارہ برائے صحت کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہے جبکہ اس مرض میں مبتلا 250 سے زائد افراد کی موت واقع ہو چکی ہیں۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 27 ہزار ہے، جبکہ 44 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری

دوسری جانب کراچی میں ڈینگی کے وائرس سے متاثرہ نارتھ کراچی کی رہائشی 20 سالہ لڑکی گذشتہ روزانتقال کر گئی۔ جس کے بعد کراچی میں رواں سال ڈینگی سے ہلاک افراد کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

محکمۂ صحت کے ذرائع کے مطابق انتقال کر جانے والی لڑکی کو گزشتہ ہفتے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی سے متاثرین کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ڈینگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات

ڈینگی کا مچھر خاص طور پر صبح اور شام کے وقت کاٹتا ہے۔ صبح اور شام میں اپنا جسم ڈھانپنے، پانی کا صحیح نکاس اس مچھر کو بیماری پھیلانے اور افزائش نسل سے روکنے میں خاصا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ حفاظتی اقدامات ہی اس وائرس سے بچاؤکا ذریعہ ہے۔

ڈینگی بخار ایک موذی مرض ہے تاہم کہاوت ’’احتیاط علاج سے بہتر ہے‘‘ کے مصداق احتیاط کرکے اس سے مرض سے بچا جاسکتا ہے۔