آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعہ24؍ ربیع الاوّل 1441ھ 22؍ نومبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

جاپانی کمپنی پاکستان میں ڈینگی اسپرے کرے گی

پاک جاپان بزنس کونسل اور جاپان کی معروف ادویات تیار کرنے والی کمپنی مشترکہ طور پر پاکستان میں ڈینگی مچھروں کے خاتمے کے لیے اٹھارہ ملین لیٹر ادویات پاکستان کے چار بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد میں اسپرے کرے گی۔

اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل اور جاپانی ادویات تیار کرنے والی کمپنی کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، جس کے تحت دوا کا لکوڈ جاپان سے اٹھارہ لیٹر کے پچاس کینوں میں پاکستان ہوائی جہاز کے ذریعے بھجوایا جائے گا، دوا کے ساتھ جاپانی ٹیم بھی پاکستان جائے گی جہاں لکوڈ اور پانی کو ایک مقدار کے ساتھ ملا کر محلول تیار کیا جائے گا جسے مختلف طریقوں سے اسپرے کرکے ڈینگی کا خاتمہ کیا جائے گا۔

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کےمطابق دوا تیار کرنے والی کمپنی جاپان کی معروف کمپنی ہے جس نے جاپان میں ڈینگی مچھروں کا جڑ سے خاتمہ کیا ہے، اس دوا کے حوالے سے رانا عابد حسین نے بتایا کہ فارمولے کے مطابق پچاس ملی لیٹر لکوڈ سے ایک ہزار لیٹر دوا تیار کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے جاپانی کمپنی کے ساتھ نو سو لیٹر لکوڈ کا معاہدہ کیا ہے جس سے اٹھارہ ملین لیٹر دوا تیار ہوسکے گی جبکہ پاکستان میں وہ یہ دوا ہوائی جہاز کے ذریعے متاثرہ شہروں پر اسپرے کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

عابد حسین کے مطابق پاکستان میں ڈینگی کے خلاف ان کی مہم میں شاہد آفریدی فاونڈیشن اور سرعام فاونڈیشن جیسی این جی اوز شامل ہونگی، رانا عابد حسین کے مطابق ان کی تنظیم دوا کو خریدنے، جاپانی ٹیم کو ساتھ لے جانے اور دوا کو اسپرے کرانے کے تمام اخراجات خود برداشت کرے گی کیونکہ ان کا مقصد پاکستان کے غریب اور لاچار عوام کو اس خطرناک مرض سے نجات دلانے میں کردار ادا کرنا ہے۔

اس سلسلے میں وہ پاکستانی حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ اگر مستقبل میں حکومت پاکستان سرکاری سطح پر ڈینگی کے خاتمے کے لیے جاپانی ادویات استعمال کرنا چاہے یا ان کو کسی مدد کی ضرورت ہو تو وہ اس کے لیے حکومت پاکستان سے پوری طرح تعاون کریں گے۔

واضح رہےکہ پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین اکیس اکتوبر کو پاکستان روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ پہلے مرحلے میں فیصل آباد میں دواؤں کا اسپرے کریں گے جس کے بعد اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں یہ اسپرے کیا جائے گا ۔

صحت سے مزید