سری لنکا سے مثبت اشارے، پاکستان میں 10برس بعد ٹیسٹ کرکٹ بھی بحال ہونے کی امید

October 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) توقع ہے کہ دسمبر میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کراچی اور پنڈی میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی یوں پاکستان میں دس سال بعد کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ لاہور کے موسم کی وجہ سے کا میچ پنڈی میں کرایا جائے گا دسمبر کے مہینے میں دھند پڑنے کے امکانات ہوتے ہیں جس کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ پی سی بی جلد ٹیسٹ میچوں کی تاریخوں سے سری لنکا بورڈ کو آگاہ کردے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کرکٹ کو کراچی اور راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کی پیشکش کی ہے۔ سری لنکا نے حال ہی میں کراچی اور لاہور میں ون ڈے اور ٹی 20 انٹر نیشنل میچ کھیلے تھے۔ ‏پی سی بی کا دعویٰ ہے سری لنکا کرکٹ کی جانب سے دسمبر میں دونوں ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کے لیئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مثبت اشارے مل رہے ہیں ۔ دبئی میں احسان مانی نے سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا سے ان کے بیان پر اپنے تحفظات ظاہر کئے جس پر انہوں نے معذرت کی لیکن محدود اوورز کے میچوں کے پاکستان میں کامیاب انعقاد اور بر طانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے بعد ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے پاکستان کا کیس مضبوط ہوگیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہی ہو گی۔ ایف ٹی پی میں شامل یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وینیوز کے حوالے سے سری لنکا کو بھی اعتماد میں لے لیا ہوا ہے۔ 2009میں لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔