ڈیڈلائن کل ختم ہوگی، ترکی کی کردوں کو وارننگ

October 21, 2019

شام کے شمال مشرقی علاقے سے کرد ملیشیا کے انخلا کی مہلت کل ختم ہوجائے گی، اس حوالے سے ترک فوج نے کہا ہے کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد اگر علاقے میں کرد ملیشیا کا کوئی بھی اہلکار بچا تو اسے ختم کردیا جائے گا۔

ترکی کے انخلا کے بعد تل ابیض اور راس العین کے درمیان 120 کلومیٹر طویل سیف زون بنانے کا ارادہ رکھتا ہے، ترک فوج کا کہنا ہے کہ شام کے سرحدی علاقے سے کرد ملیشیا کے انخلا کے لیے دی گئی ڈیڈلائن کل رات 12 بجے ختم ہوجائے گی اور اگر ڈیڈ لائن کے بعد علاقے میں کوئی بھی کرد بچا تو اس کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

امریکا اور ترکی کے درمیان معاہدے کے بعد جمعرات سے 120 گھنٹوں کے لیے جنگ بندی کی گئی تھی، ترک وزارت دفاع کے مطابق 9 اکتوبر سے جاری ترکی کے آپریشن میں اب تک پانچ ترک فوجی ہلاک اور 86 زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا ایران نے شام میں ترک فوجی اڈوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے آزاد ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیخلاف جارحیت سمجھاجائے گا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ عباس موسوی کا کہنا ہے کہ ترکی کی جانب سے شام میں فوجی اڈوں کا قیام ناقابل قبول ہے۔ ترکی اپنی حدود اور علاقے میں فوجی اڈے قائم کرے اور جو چاہے کرے۔

مگر شام میں ترک فوجی اڈے ناقابل قبول ہیں، ایران اسے کسی بھی آزاد ملک کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف جارحیت سمجھے گا، اس اقدام پر فطری طور پر ترکی کو ایران اور دیگر ممالک کی مخالفت کا سامنا کرنا ہوگا۔