دھرنے کے معاملے پر حکومتی اور جے یو آئی رہنما آمنے سامنے

October 21, 2019

اسلام آباد میں دھرنے کے معاملے پر حکومتی اور جے یو آئی ف کے رہنما آمنے سامنے آگئے۔

وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسفزئی نے کہاہے کہ جے یو آئی ف سے رابطہ کرکے بتادیا ہے کہ ملک خون خرابے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے اور مارچ کی صورتحال ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے، جے یو آئی ف نے کوئی جواب نہیں دیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ آپ لاشیں گرانا چاہتے ہیں، افراتفری چاہتے ہیں، ہم اپنے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کریں گے۔

جے یو آئی کے صوبائی امیر سینیٹر عطا الرحمٰن نے کہا کہ ہم حکومت کی رکاوٹوں کو اُکھاڑ کر اسلام آباد جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے میں کوئی خون خرابہ ہوا تو اس کی ذمے دار حکومت ہوگی، احتجاج ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے۔