ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی انکوائری کروائی جائے، شہری

October 23, 2019

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے پریشان حال شہریوں نے ڈریپ کی جانب سے ادویات کی غیر قانونی قیمتیں بڑھانے والی دوا ساز کمپنیوں کیخلاف کریک ڈائون شروع کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں کی ایک سال کے دوران تین مرتبہ بڑھنے والی قیمتوں پر جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جان بچانے والی بعض ادویات کی قیمتوں میں دو سو سے تین سو فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔شوگر، بلڈ پریشر،السر سمیت عام استعمال کی ادویات بھی مہنگی کردی گئی ہیں۔جنوری میں 9اور 15فیصد قیمتیں بڑھانے کی اجازت دی گئی تھی لیکن دوا ساز کمپنیوں نے قیمتوں میں 3سو فیصد تک اضافہ کر دیا تھا۔جبکہ حال ہی میں دوا ساز کمپنیوں نے پھر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔خاص طور پر بلڈپریشر‘ کولیسٹرول‘ دل کے امراض ،شوگر سمیت دیگر جان بچانےوالی ادویات کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔ شہریوں نے کہا کہ ادویات کے ساتھ ساتھ ایکسرے ای سی جی سمیت دیگر لیبارٹری ٹیسٹوں کی فیسوں میں بھی بے پناہ اضافہ کیا جاچکا ہے۔ شہریوں نے حکومت وزیر اعظم سے اصلاح احوال کامطالبہ کیا ہے ۔