دفتر خارجہ ، پارلیمنٹ لاجز تک اسٹار حریم شاہ کی رسائی ، تحقیقات شروع،چہل قدمی اور صدارتی کرسی پر براجمان ہونے کی ویڈیوز شیئرکر دیں

October 24, 2019

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) داخلی سلامتی کے اداروں نے ہائی سکیورٹی مقامات دفتر خارجہ کے کمیٹی روم اور پارلیمنٹ لاجز تک مقبول سٹار حریم شاہ کی رسائی کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

حریم شاہ کی رسائی سے متعلقتحقیقات شروع

اسلام آباد میں ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ کے صاحبزادہ یعقوب بلاک کے کانفرنس روم اور پارلیمنٹ لاجز میں حریم شاہ کی مقبول ایپ پر ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد متعلقہ اداروں کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے اس طر ح ہائی سکیورٹی مقامات تک خاتون کی رسائی اور اس میں سہولت کارکا کردار ادا کرنے والے کرداروں کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا ، حریم شاہ نے مقبول ایپ پر دفتر خارجہ کانفرنس روم میں اپنی چہل قدمی اور صدارتی کرسی پر براجمان ہونے کی ویڈیوز شیئر کیں تو لاکھوں افراد نے ان ویڈیو کو دیکھا۔ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے حریم شاہ کی شیئر کرتے ہوئے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال اٹھائے کہ اہم ترین سرکاری دفتر وزارت خارجہ میں رسائی کیوں اور کیسے ممکن ہوئی اور بھارتی گانوں کے میوزک والی اس کی ویڈیوز پاکستان اور قوم کی تضحیک کا باعث بنی ہیں ۔ مقبول ایپ کے بعد الیکٹرانک میڈیا پر حریم شاہ کی ویڈیوز سے متعلق سوالات اٹھے داخلی سلامتی کے اداروں نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ دوسری طرف حریم شاہ کی پارلیمنٹ لاجز کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جسمیں وہ سفری بیگ کے ہمراہ پارلیمنٹ لاجز سے باہر جارہی ہیں،یہ ویڈیو سیاسی حلقوں میں زیربحث ہے اوو یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ حریم شاہ نے پارلیمنٹ لاجز میں کس رکن پارلیمنٹ کے مہمان کی حیثیت سے قیام کیا ،جبکہ ارکان پارلیمنٹ ، پارلیمنٹ لاجز میں غیر متعلقہ لوگوں کی آمدورفت اور قیام کے حوالے سے کئی بار شکایات بھی کر چکے ہیں اور حکام پولیس کو پارلیمنٹ لاجز میں غیر متعلقہ لوگوں کی آمدورفت روکنے کی ہدایت کرچکی ہے ۔