سر درد سے بچاؤ کی 7 ترکیبیں

November 01, 2019

ہر عام و خاص کو ہونے والا سردرد بظاہر کوئی بڑی بیماری نہیں ہے مگر اس کی شدّت انسان کے پورے جسم پر اثر انداز ہوتی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کی 1.7 سے 4 فیصد بڑی آبادی سر درد میں مبتلا ہے۔ یہ سر درد کئی گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ ماہرین نے سر درد کی 4 بڑی اقسا م بتائی ہیں جن کی علامات مختلف بھی ہو سکتی ہیں۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

سر درد سے بچاؤ کی 7 ترکیبیں

زیادہ تر لوگ اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے مختلف ’پین کلرز‘ کا استعمال کرتے ہیں جو وقتی طور پر تو آرام دے دیتی ہیں لیکن یہ درد کا مستقل حل نہیں ہوتیں ۔

ہم آپ کو 7 ایسی گھریلو ٹپس بتائیں گے جو آپ کے سر میں درد ہونے سے بچائیں گی۔

کام کے دوران وقفہ لیں:

اگر آپ کے پاس آفس میں کام کا بہت زیادہ دباؤ ہےتو اِس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کام کے دوران تھوڑی دیر کے لیے وقفہ لے لیں اور اپنی کُرسی پر بیٹھ کے کچھ دیر کے لیےآنکھیں بند کرلیں اور اپنی پسند کا کوئی بھی میوزک سُن لیں۔

ایسا کرنے سے آپ کے دماغ کو سکون ملے گا اور ذہنی دباؤ کم ہوگا، اِس طرح آپ سر درد سے بچ سکتے ہیں۔

تھوڑا کھائیں لیکن بار بار:

سر درد کی ایک وجہ بلڈپریشر اور شوگر کی سطح میں کمی بھی ہوسکتی ہے لہٰذا آپ کو چاہیے کہ دِن بھر کچھ نہ کچھ کھاتے رہیں تھوڑا کھائیں لیکن تھوڑی تھوڑی دیر کے وقفے کے بعد کھائیں، اِس سے بلڈپریشر اور شوگر کنٹرول میں رہیں گے۔

سر درد سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ پروٹین اور میگنیشیم سے مالامال غذا کا استعمال کریں۔

سر کا مساج کریں:

سر کا مساج کرنے سے ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے، روزانہ 15 منٹ تک سر کا مساج یا مالش کرنے سے سر میں خون کی روانی ٹھیک طرح ہوتی ہے اور ہمارے دماغ کو بھی سُکون ملتا ہے۔

سر کی مالش یا مساج کے لیے ضروری ہے کہ ناریل، سرسوں یا پھر کوئی ایسے تیل کا استعمال کریں جو ٹھنڈا ہو، اِس کے مساج سے سر کو ٹھنڈک ملے گی ہم تر و تازہ ہوجائیں گے اور نیند بھی اچھی آئے گی۔

پانی کا استعمال زیادہ کریں:

پانی کی کمی بھی سر دردکی ایک اہم وجہ ہے اگر آپ دِن بھر میں زیادہ پانی نہیں پیتے تو اِس سے پانی کی کمی ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے آنکھوں کے نیچے حلقے، ڈپریشن اور سر درد ہوتا ہے۔

ضروری ہے کہ دن میں 2 لیٹر تک پانی کا استعمال کریں، اِس کے علاوہ روز مرہ کی بنیاد پر دیگر مشروبات کا استعمال بھی کریں جیسے لیموں پانی، نارنجی کا جوس، ناریل پانی وغیرہ۔ اِس سے آپ کا چہرہ بھی تر و تازہ رہے گا۔

روزانہ ورزش کریں:

روزانہ ورزش کرنے سے سر کے درد سے بچاؤ ممکن ہے۔ اِس سے آپ کو پٹھوں کےدرد سے بھی نجات مل سکتی ہے ، پٹھوں کے درد کی وجہ سے بھی ذہنی تناؤ ہوتا ہے جس سے سر کا درد ہوتا ہے۔

ورزش کرنے سے دماغ کو آکسیجن ملتی ہے جس کی وجہ سےسر کا درد نہیں ہوتا۔

سگریٹ نوشی سے گُریز کریں:

سگریٹ نوشی بھی سر درد کی وجہ بنتی ہے، سر درد سے چھٹکارا پانے کے لیے ضروری ہے کہ سگریٹ نوشی سے دور رہا جائے کیونکہ اِس سے جسم میں پانی کی کمی بھی ہوجاتی ہے اور یہ بلڈ پریشر کی بیماری کی وجہ ہوتی ہے۔

اگر آپ خود کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو اِس کے لیے ضروری ہے کہ آپ سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں۔

آنکھوں کو سکون دیں:

آنکھوں پر دباؤ اور لگاتار کئی گھنٹوں تک لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کےسامنے بیٹھ کر کام کرنے سے بھی سر کا درد ہوتا ہے، لیپ ٹاپ پر کام کے دوران کچھ دیر کا وقفہ لے لیں اور 10 سے 15 منٹ کے لیے اپنی آنکھوں کو سکون دیں، زیادہ اچھا ہوگا کہ اگر آپ اپنی آنکھیں ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔