لاہورپرخطرناک اسموگ کاحملہ،امریکن ایمبسی کے پوائنٹر کی تصدیق

November 02, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

لاہورپرخطرناک اسموگ کاحملہ

لاہور(نمائندہ جنگ) محکمہ ماحولیات پنجاب کے تمام تر دعوئوں اور انتظامات کے باوجود صوبائی دارلحکومت میں سموگ کا حملہ ہو گیا، امریکن ایمبسی کے ایئرکوالٹی پوائنٹر نے انتہائی خطرناک حد کی ریڈنگ دے دی، جبکہ محکمہ ماحولیات کے آلودگی ماپنے والے آلے کم آلودگی ظاہر کر رہے ہیں،سموگ 5نومبر سے مزید بڑھنے کا امکان، جبکہ محکمہ ماحولیات کے ترجمان نے فضا میں آلودگی کو نارمل قراردے دیا فضائی آلودگی کوکنٹرول کرنے کا دعویٰ بھی کرتےہوئے سموگ کے حملے کوفوگ قرار دے دیا ہے اور کہاہے کہ فضائی آلودگی نارمل ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر میں امریکن ایمبسی کی طرف سے لگائے جانے والے لاہور میں موجود ایئر پوانٹر اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے لگائے گئے ایئر پوائنٹرز کی ریڈنگ میں بہت فرق ہے محکمے کے ایئر پوائنٹرز آلودگی کی شرح کم دےرہیں تاکہ حکومت کو یقین دلایا جا سکے کہ شہر میں فضائی آلودگی کم ہے ۔ 2017ء میں لاہور ہائی کورٹ نےسموگ کمیشن بنایا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ شہر کے اندر فضائی آلودگی سموگ کی صورتحال سے نبٹنے میں EPD بری طرح ناکام ہو گیاہے ۔ ذرائع کے مطابق لاہور شہر کے باسیوں کو 2016ء میں پہلی مرتبہ سردیوں کے آغاز میں سموگ کے حملے کا سامنا کرنا پڑا عوام کی شکایات اور تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے 2017ء میں سموگ کمیشن بنایاتھا۔ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں تجویز دی کہ بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کو ماپنے کیلئے 30 ایئر پوائنٹرز (فضائی آلودگی کو ماپنے کا آلہ) نصب کئے جائیں، اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر ہر صورت کنٹرول سمیت دیگر تجاویز دی تھیں ۔