رائے ونڈ اجتماع کا پہلا مرحلہ ختم، 200 طالبعلموں کا اجتماعی نکاح

November 03, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

رائے ونڈ اجتماع کا پہلا مرحلہ ختم

لاہور کےنواحی قصبے رائے ونڈ میں تین روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اجتماعی دعا کے ساتھ ختم ہو گیا، جس کے بعد حسبِ روایت تبلیغی مرکز سے فارغ ہونے والے 200 طالب علموں کے اجتماعی نکاح پڑھائے گئے۔

رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی جماعت کے اجتماع کا پہلا مرحلہ اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، مولانا ابراہیم نے اختتامی دعا کرائی، اجتماع کا دوسرا مرحلہ 7 تا 10 نومبر جاری رہے گا۔

تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 31 اکتوبر کو شروع ہوا تھا، جس میں اندرون و بیرون ملک سے لاکھوں افراد نے شرکت کی، اختتامی خطاب مولانا خورشید نے کیا جبکہ اجتماعی دعا مولانا ابراہیم نے کرائی۔

اجتماعی دعا کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، شرکاء اللًّہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر اس کی رحمت اور رضا کے طلب گار رہے، اپنے گناہوں کی معافی کے علاوہ ملک و قوم کی ترقی و خوش حالی، سلامتی اور اسلام کی سربلندی کی بھی دعائیں مانگی گئیں۔

دعا کے بعد ہزاروں تشکیل شدہ جماعتیں دینِ اسلام کی تبلیغ کے لیے اندرون اور بیرونِ ملک روانہ ہو گئیں۔

ذرائع کے مطابق 3 روزہ سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کے بعد اتوار کے روز صبح 8 بجے امیرِ جماعت مولانا محمد زبیر نے رشد و ہدایت کے بعد حسبِ روایت 200 کے قریب تبلیغی مرکز سے فارغ ہونے والے طالب علموں کا اجتماعی نکاح پڑھایا جس کے بعد یتیم و نادار بے سہارا بچیوں کو جہیز دے کر رخصت کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: تبلیغی اجتماع، مولانا طارق جمیل آج خطاب کریں گے

رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ 7 نومبر کو شروع ہو کر 10 نومبر تک جاری رہے گا۔