وزیراعلیٰ سندھ کی وزیراعظم کی پالیسیوں پر تنقید

November 09, 2019

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

مراد علی شاہ نے آرٹس کونسل کراچی میں عالمی بینک کے تعاون سے بننے والے کانفرنس روم اور کیفے ٹیریا کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں کہا کہ پہلے تو ہم سیاستدان چور تھے، اب تو بزنس مین بھی چور بنادیے گئے ہیں۔

انہوں نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ حکومت کے اقدامات سے عوام اور کاروباری طبقہ تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ آج غریب جس مشکل سے دوچار ہیں، اُس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی، صنعت و تعمیرات سمیت کوئی شعبہ کام نہیں کر پا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ناکام ہوچکی، عمران خان کی حکومت کے خلاف تمام طبقوں کو مل کر احتجاج کرنا ہوگا۔

مراد علی شاہ نے خبردار کیا کہ وفاق سندھ کو چیف سیکریٹری اور پولیس کے ذریعے چلانے کی کوشش کررہا ہے، مگر وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہ بلائے جانے پر بھی وزیراعظم عمران خان کو ہدف تنقید بنایا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایف بی آر نے سندھ حکومت کے 7 ارب روپے دبا رکھے ہیں، وفاقی حکومت بتائے کراچی کے لیے اعلان کئے گئے 162 ارب روپے کہاں گئے؟

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورے ملک کو چلارہا ہے، یہاں کے چھوٹے دکاندار 30 ارب روپے کا ٹیکس دیتے ہیں جبکہ لاہور کے چھوٹے دکاندار صرف70 کروڑ کا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کراتے ہیں، اگر وفاقی حکومت تعاون کرے تو سندھ حکومت کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے۔