کلاشنکوف کے موجد میخائیل کی 100ویں سالگرہ

November 10, 2019

مشہور ہتھیار AK-47 المعروف کلاشنکوف کے موجد میخائیل کلاشنکوف کی آج 100ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

میخائیل کلاشنکوف 10 نومبر 1919میں مغربی سائیبریا میں پیدا ہوئے تھے۔ جنگ عظیم دوئم کے ابتدائی برسوں میں سوویت یونین کی جرمن فوجیوں کے ہاتھوں شکست اور 1941 میں ایک جھڑپ میں زخمی ہونے کےبعد کلاشنکوف نے 1947 میں اپنی رائفل ڈیزائن کی، جسے ”کلاشنکوف“ کے نام سے جانا گیا۔

کلاشنکوف کو ان کے ایجاد کیے گئے ہتھیار کے باعث سوویت یونین میں بطور قومی ہیرو جانا گیا اور وہ ماسکو کی ماضی کی عظیم فوجی طاقت کی علامت بنے، تاہم ان کا ایجاد کیا گیا ہتھیار دنیا میں لاکھوں لوگوں کی موت کا سبب بنا، کلاشنکوف سے بے گناہوں کی ہلاکت پر میخائل کو اکثر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

میخائیل کلاشنکوف کو روس میں اس ایجاد پر تعریف کا مستحق قرار دیا گیا اور میخائیل کلاشنکوف کو رائفل بنانے پر ’ہیرو آف رشیا ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا، تاہم مشہورِ زمانہAK-47 رائفل کے بانی میخائیل کلاشنکوف اپنی موت سے قبل اپنے ایجاد کردہ ہتھیار سے پھیلی جانے والی تباہی اور اموات کے حوالے سے فکر مند تھے۔