پنجاب لیبر اپیلٹ ٹریبونل:مزدور رہنما کیخلاف مقدمات کافیصلہ روکنے کا حکم

November 13, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب لیبر اپیلٹ ٹریبونل ٹو ملتان کے چیئرمین جسٹس (ر)سید افتخار حسین شاہ نے پریذائیڈنگ آفیسر لیبر کورٹ نمبر 9 ملتان کو مزدور رہنما غازی احمدحسن کھوکھر کے خلاف مقدمات پر فیصلہ کرنے سے روکتے ہوئے سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی ہے، فاضل عدالت میں مزدور رہنما غازی احمد حسن نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ عرصہ 35 سال سے زرعی انجینئرنگ ملتان میں ملازم ہے اور ٹیکنیکل ورکر ہیں جو ورک مین کی تعریف میں آتا ہے اسی طرح ادارے میں متعدد ٹریڈ یونینز رجسٹر ہیں اور ریفرنڈم ہوتے ہیں سائل بھی یونینز سرگرمیوں میں حصہ لیتاہے اور مزدوروں کے حقوق کی خاطر تحریر و تقریر اور قانونی چارہ جوئی کرتا ہے جس کی پاداش میں ادارہ کے انتظامی لوگ انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے متعدد بار ملازمت سے برطرف اور جھوٹے مقدمات کا سہارا لے کر مقدمات درج کراتے رہتے ہیں،مزدوروں کے پاس واحد سہارا لیبر کورٹ ہوتی ہیں ، درخواست گزار کو 28 نومبر 2017 کو برطرف کرنے والے افسر 24 نومبر 2017 کو ٹرانسفر ہو چکے ہیں اس کے علاوہ اس سے پہلے جبری ریٹائرمنٹ کے آرڈرجاری کئے گئے تھے جس کو لیبر کورٹ ملتان نے معطل کر کے حکم امتناع جاری کر رکھا تھا اب موجودہ پریذائیڈنگ آفیسر جن کا رویہ ان کے ساتھ نامناسب ہے اور درخواست گزار کو اس افسر سے انصاف کی امید نہیں۔