پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے تینوں دھڑے متحد ہوگئے

November 15, 2019

برسلز (عظیم ڈار)پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے تینوں دھڑے متحد ہوگئے۔تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی بلجیم میں کچھ عرصہ سے ممبران کے آپسی اختلافات کی وجہ سے پارٹی میں تین مختلف گروپس دعویدار تھے کہ وہ عمران خان کے وژن کے عکاس ہیں۔ تاہم اب اختلافات کی فضا باہمی بھائی چارے اور مساوات میں اس وقت تبدیل ہوگئی جب مرکز سے ہدایت نامہ جاری کیا گیا کہ یورپ میں پی ٹی آئی کی باڈیز کو دوبارہ نئے انتخابات کے ذریعے عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔اس ضمن میں پی ٹی آئی بلجیم کے چندممبران مہر صفدر علی،چوہدری زاہد حسین بھدر،سردار صدیق،آغا عرفان،مرزا نصر اقبال اور آفتاب وڑائچ نے رابطے کیے ۔بالآخرشاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک پروگرام ترتیب دیا گیا اور ان احباب نے مختلف میٹنگز کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ہمیں آپس میں ایک دوسرے پر طعنہ زنی کرنے کی بجائے آپس میں مل بیٹھ کر اختلافات کو دور کرنا چا ہئے۔گزشتہ دونوں پاکستان تحریک انصاف بلجیم کا ایک پروگرام اقبال ڈے کے موقع پر برسلز کے مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ سابق صدر پی ٹی آئی بلجیم سردار صدیق نے کیا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے کلیدی کردار ادا کرنا چا ہئے۔مہر صفدر علی نے کہا کہ ہمیں اوورسیز میں اپنے کردار اور اخلاق کے ذریعے دوسری کمیونٹیز کو یہ دکھانا ہوگا کہ پاکستانی قوم کن اوصاف کی مالک ہے۔انھوں نے اختلافات ختم ہونے پر خوشی کا اظہار کیااور اسے پاکستانی قوم کی جانب سے اہم اقدام قرار دیا۔زاہد حسین بھدر نے کہا کہ امن وامان اور خوش اخلاقی کامیابی کا زینہ ہے۔چوہدری تجمل چیمہ نےکہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ ملک کے وسیع مفاد کی خاطر فیصلے کیے۔انھوں نے اقبال ڈے کے موقع پر علامہ اقبال کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔مرزا نصر اقبال چوہدری نیاز تارڑ مرزا عمران اور شکیل گوہر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے کوشاں ہیں۔آغا عرفان نے کہا کہ ہمیں عمران خان کے نظریے کو اوورسیز پاکستانیوں میں عام کرنے کےلیے پارٹی کو مضبوط صفوں پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔پروگرام میں تمام ممبران نے اختلافات ختم ہونے کی خوشی میں ایک دوسرے کو مبارکباددی اور اس امر کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی بلجیم ملک کے استحکام اور ترقی کی خاطر تمام تر کاوشیں بروئےکار لا ئے گی۔تینوں گروپوں کے ممبران میں سے تین تین لوگوں پر مشتمل ایک کمیٹی ترتیب دی تاکہ آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں صدر اور دیگر عہدیداران کا انتخاب ملکر مشاورت کے ساتھ کیاجائے ۔پروگرام میں شاعر مشرق علامہ اقبال کو انکی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔