مودی کا ایجنڈا امن اور انسانیت کیلئے پھندا ہے، وقار باجوہ

November 18, 2019

پیرس( پ ر)انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ فرانس کے صدر وقاراحمد باجوہ ، جنرل سیکرٹری چوہدری جمشید چیمہ، نائب صدر محمدعامرقریشی اورسیکرٹری اطلاعات چوہدری فلک شیرچیمہ نے کہا ہے کہ انتہاپسند نریندر مودی کاسیاسی ایجنڈا رواداری ،امن، انسانیت کیلئے پھندا ہے،مقتدرقوتیں لفاظی چھوڑیں اور دوٹوک اندازمیں مودی کامحاسبہ کریں کیونکہ اگرخدانخواستہ دوایٹمی ملکوں کے درمیان جنگ چھڑگئی تو دنیا کاکوئی ملک اس آگ سے محفوظ نہیں رہے گا۔شیرخوار بچوں اورخواتین سمیت دنیا کے کئی ارب انسانوں کوانتہا پسند نریندر مودی کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑاجاسکتا۔ نریندرمودی کے گھمنڈ نے اکھنڈ بھارت کا شیرازہ بکھیردیا، بھارت کے سنجیدہ طبقات اس سے بیزار ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مودی نے اپنے اقتدار کے دوام اوراستحکام کیلئے دانستہ بھارت میں جنون اور انتہاپسندی کوفروغ دیا ۔بھارت میں مسلمانوں اورسکھوں سمیت ہر اقلیت کے حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے قیدی پائلٹ ابھی نندن کوآزاد جبکہ مودی سرکار نے بدلے میں آٹھ ملین کشمیریوں کو یرغمال بنالیاہے،انہیں مساجدمیں نمازاداکرنے کی بھی اجازت نہیں۔ پاکستان کو تنہا کرتے کرتے بھارت خود تنہا اور سواہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے باشعور شہری نریندر مودی کے بیانیہ سے ہرگز متفق نہیںہیں۔