راولپنڈی میں غیرحقیقت پسندانہ نرخوں پرمشتمل فوڈآیٹمزکی نئی پرائس لسٹ جاری

November 18, 2019

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) تاجروں اور انتظامیہ پر مشتمل ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی نے ایک مرتبہ پھر غیر حقیقت پسندانہ نرخوں پر مشتمل 18فوڈ آیٹمز کی پرائس لسٹ جاری کر دی ہے۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق گندم آٹا 20کلو گرام تھیلے کا ریٹ 786ایکس مل اور 808پرچون ہے۔ چاول باسمتی (پرانے) 145روپے فی کلو (مارکیٹ میں فی کلو 150روپے)، چاول (ایری) 54روپے فی کلو، دال چنا (موٹی) 130روپے (مارکیٹ میں 165روپے)، دال چنا (باریک) 116‘ دال مسور (موٹی) 118‘ دال ماش 180 (مارکیٹ میں 240روپے کلو)، دال مونگ 175روپے کلو، سفید چنا (موٹا) 130روپے کلو، سفید چنا (باریک)102 روپے کلو، چھوٹے گوشت کی قیمت 850روپے‘ موٹا گوشت کی قیمت425 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ چینی کا مارکیٹ ریٹ 70روپے کلو مقرر کیا گیا ہے۔ سو گرام تندوری روٹی 7روپے اور 120گرام نان کی قیمت 10روپے رکھی گئی ہے۔ ویجیٹیبل گھی کی قیمت حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق قرار دی گئی ہے جبکہ ایک لٹر کا پیک مارکیٹ میں 208روپے کا مل رہا ہے۔ کھلا دودھ فی لٹر 85جبکہ دہی 90روپے کلو مقرر کی گئی تاہم مارکیٹ میں دودھ سو سے 120روپے، دہی 110سے 130روپے کلو، چھوٹا گوشت 1050سے 1100روپے کلو جبکہ بڑا گوشت پانچ سے چھ سو کا کلو مل رہا ہے۔ پتیری روٹی 8روپے، سادہ نان تلوں کے نام پر 12روپے ہے۔ اتنے واضح فرق کو پرائس مجسٹریٹس کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور لاکھوں جرمانوں کا بوجھ بھی دکاندروں کے ذریعے عوام پر ڈالا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ جان بوجھ کر ایسے نرخ مقرر کرتی ہے تاکہ پرائس مجسٹریٹس کے ذریعے کمائی کر سکے۔ دوسری طرف برانڈڈ چیزوں خصوصاً دودھ اور پتی کی قیمتوں پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے جن کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ اور وزن میں کمی کی جا چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نرخ ناموں پر سختی سے عمل بھی کروائے اور ہول سیل مارکیٹوں اور منڈی کے نظام میں بہتری لائے۔